القسام بریگیڈ کااسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
القسام بریگیڈ کا جنوبی غزہ میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے جنوبی غزہ میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کے مسلح ونگ نے کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے جنوبی غزہ کے شہر میں ایک گھر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے اسرائیلی فوجیوں پر حملے میں ایک اینٹی پرسنل ڈیوائس کا دھماکہ کیا۔
حزب اللّٰہ کے اسرائیل میں ڈرون حملے، 4 اسرائیلی فوجی ہلاک، 67 زخمی ہوگئے
القسام کے مطابق اس واقعے میں شہر کے مشرق میں الجنینہ محلے میں کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
ایک اور واقعے میں القسام کے جنگجوؤں نے اسی محلے میں 2 اسرائیلی ٹینکوں پر یاسین راکٹوں سے حملہ کیا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل گزشتہ رات شمالی اسرائیل کے بنیامینہ میں ایک فوجی اڈے پر حزب اللّٰہ کے ڈرون حملے میں اسرائیل کے چار فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 42,289 فلسطینی شہید اور 98,684 زخمی ہو چکے ہیں۔
7 اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا، جس میں کم از کم 1,139 افراد ہلاک ہوئے اور 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔