
اسرائیلی فوجی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے لگے
اسرائیلی فوجی بیرون ممالک سفر کرنے سے قبل اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے لگے۔
مڈل ایسٹ آئی کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے غزہ اور لبنان میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کے تحت گرفتاری کے خوف سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر نا شروع کردیے۔
رپورٹس کے مطابق درجنوں اسرائیلی فوجی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، جیسے فیس بک اور انسٹاگرام، ڈیلیٹ کر رہے ہیں۔
برازیل کے دارالحکومت ریو ڈی جنیرو میں اگلے ماہ ہونے والے کارنیول میلے میں شرکت کرنے کیلئے جانے والے اسرائیلی فوجیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک فلسطینی تنظیم ہند رجب فاؤنڈیشن نے اسرائیلی فوجیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر مواد کو استعمال کرتے ہوئے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف کیے گئے مظالم کے شواہد جمع کیے۔
فاؤنڈیشن نے سوئیڈن، برازیل اور اٹلی میں اسرائیلی فوجیوں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے، جن میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ کے دوران جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے اعمال کے الزامات شامل ہیں۔
اس حوالے سے اسرائیلی چینل 12 سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اسرائیلی فوجی کا کہنا تھا کہ ہمیں خوف ہے کہ برازیلی حکام فلسطینی تنظیموں کی جانب سے دائر کردہ مقدمات کے بعد ہمیں گرفتار کر لیں گے، جس سے ہماری پوری چھٹی خراب ہو جائے گی۔