kohsar adart

آسٹریلیا نے انگلینڈ کوشکست دیدی

آسٹریلوی بیٹر نے شاندار سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو ساڑھے تین سو سے زائد کا ہدف عبور کروا کر اہم میچ میں فتح دلوادی۔

انگلینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کےلیے 352 رنز کا ہدف دیا جو کینگروز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 48ویں اوور میں پورا کرلیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چیمپئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف پہلے بولنگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے، بین ڈکٹ نے 165 رنز کی زبردست باری کھیلی۔
جو روٹ انگلینڈ کے دوسرے ٹاپ اسکورر تھے جنہوں نے 68 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جوز بٹلر 23، جوفرا آرچر 21، جیمی اسمتھ 15، لیام لونگسٹن 14 اور فل سالٹ نے 10 رنز کے ساتھ ٹیم کو ساڑھے تین سو تک پہنچانے میں اپنا حصہ ڈالا۔

آسٹریلیا کی جانب سے بین دارشوئس نے 3، ایڈم زیمپا اور مارنس لبوشین نے دو دو جبکہ گلین میکس ویل نے ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا، جارح مزاج بلے باز ٹریوس ہیڈ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان اسٹیو اسمتھ 5 رنز کے مہمان ٹھہرے۔

تاہم تیسری وکٹ پر میتھیو شارٹ اور مارنس لبوشین نے 95 رنز کی شراکت بنائی۔ 122 کے مجموعے پر لبوشین 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ 136 پر 63 رنز بنانے والے شارٹ بھی میدان بدر ہوئے۔

ایسے میں پانچویں وکٹ پر جوش انگلس اور ایلکس کیری نے سنچری پارٹنرشپ بنا کر اپنی ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا، دونوں کے درمیان 146 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ کیری 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلس کے سامنے انگلش بولرز بے بس نظر آئے، انہوں نے چھٹی وکٹ پر میکسویل کے ساتھ ففٹی پارٹنرشپ بنائی۔ اس دوران انہوں نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بھی بنائی۔

جوش انگلس 86 گیندوں پر 120 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے، جبکہ گلین میکسویل نے 15 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ، جوفرا آرچر، بریڈن کارز، عادل رشید، لیام لونگسٹن نے ایک ایک وکٹ لی۔

آسٹریلیا کے مڈل آر ڈر بیٹر جوش انگلس کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More