kohsar adart

آزاد کشمیر میں حالات کشیدہ ۔ہنگامہ آرائی کے دوران سب انسپکٹر شہید

 

آزاد کشمیر میں حالات کشیدہ ۔ہنگامہ آرائی کے دوران سب انسپکٹر شہید

آزاد کشمیر میں صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی۔ احتجاج شدت اختیار کر گیا۔بجلی بلوں کیخلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور میرپور ڈویژن سمیت کئی شہروں میں احتجاج تیسرے روز میں داخل ہو گیا. اس دوران ہفتے کو ایک بار پھر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی گئی تھی۔پولیس اور مظاہرین کے درمیان جگہ جگہ تصادم اور پتھراؤ کے ساتھ ہنگامہ آرائی کا سلسلہ جاری رہا۔میرپور اسلام گڑھ میں پولیس اور مظاہرین میں تصادم کے نتیجے میں تھانہ توتھال کے ایڈیشنل ایس ایچ او سب انسپکٹر عدنان فاروق قریشی سینے پر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔

 

 

پولیس کا کہنا ہے کہ سب انسپیکٹر عدنان مظاہرین کی فائرنگ سے شہید ہوئے جبکہ دوسری جانب ایکشن کمیٹی کے ذمہ دار اس کی تردید کر رہے ہیں۔ادھر دارالحکومت مظفرآباد میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان ،ڈی آئی جی یاسین قریشی سمیت کم و بیش 18 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد مظاہرین بھی زخمی ہیں علاوہ ازیں ہنگامہ آرائی میں ملوث متعدد افراد کی گرفتاری کی بھی اطلاع ہے۔ رات بھر شوکت نواز میر سمیت احتجاج میں سرگرم رہنماؤں کی تلاش جاری رکھی گئی۔ مظفراباد میں گرڈ اسٹیشن پر حملہ کیا گیا جبکہ کوٹلی میں ڈی ایس پی کی گاڑی سمیت پولیس کی تین گاڑیاں نذر آتش کر دی گئیں۔

 

واضح رہے کہ ایکشن کمیٹی کی جانب سے آج اتوار کو دارالحکومت مظفرآباد کی جانب مارچ کی کال دی گئی ہے۔ابتدائی طور پر مختلف شہروں اور قصبوں سے مظاہرین راولاکوٹ پہنچیں گے جہاں سے مظفراباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔دوسری طرف انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر کے ہر قسم کے اجتماع یا مظاہرے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور پولیس سمیت سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری مختلف داخلی اور خارجی مقامات پر تعینات کی گئی ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق دیگر 10 اضلاع سے قافلے دارالحکومت مظفرآباد کے لیے نکل چکے ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے احتجاجی قافلوں کو روکنے کے لیے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے اور عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دارالحکومت کی جانب آنے والے تمام انٹری پوائنٹس سمیت راستوں کو بند کر دیا گیا ہے ۔

 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More