
کلائیو اسمتھ کی ڈاکٹر عافیہ سے امریکی جیل میں 4 گھنٹےملاقات
کراچی ( ) امریکی وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ نے 4 گھنٹے ایف ایم سی کارسویل جیل میں عافیہ کے ساتھ گزارے۔ جیل میں ملاقات کے بعدتفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ ہمیشہ کی طرح ہمت کا دامن مضبوطی سے تھامے ہوئے ہے۔ ان کی خواہش تھی کہ میں ان کی طرف سے دنیا بھر موجود ان کے تمام سپورٹرز کا کی شاندار حمایت کے لیے شکریہ ادا کروں۔ میں نے عافیہ کو بتایا کہ امریکی بھی حقیقت میں ان کی رہائی کے معاملے میں بہت مدد کررہے ہیں۔ کلائیو اسمتھ نے مزید کہا کہ آج عافیہ نے خاص طور پر کہا کہ میں مسلسل اور شاندار حمایت کرنے پر امام عمر سلیمان، سینیٹر مشتاق احمد خان، سینیٹر طلحہ محمود، اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ (ICNA) اور عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز کا شکریہ ضرور ادا کروں۔کلائیو اسمتھ نے کہا کہ ڈاکٹرعافیہ پیر کی دوپہر سے پہلے پہلے امریکی صدرجو بائیڈن کی جانب سے اپنی رحم کی درخواست (Clemency Petition) کی منظوری ملنے کی شدت سے منتظر ہیں۔عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن پیر کے روز اپنے عہدے کی معیاد مکمل ہونے پر سبکدوش ہو رہے ہیں۔ جس پر فرینڈز آف عافیہ کے زیراہتمام پیر،20 جنوری شام 4 بجے کراچی پریس کلب کے باہر پرامن مظاہرے میں ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز امریکی صدر سے اپیل کریں گے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رحم کی پٹیشن کو منظور کر کے انہیں رہا کردیں۔