مانسہرہ،پسند کی شادی کرنے والا نوجوان قتل،بیوی غائب

ہٹیاں بالا،تین ہفتے قبل شنکیاری،مانسہرہ کی لڑکی سے پسند کی شادی کرنے والے آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے علاقہ درہ بٹنگی کے رہائشی نوجوان کو تھانہ شہزاد ٹاؤن اسلام آباد کی حدود ترلائی میں تین گولیاں مار کر قتل کرتے ہوئے نعش ویرانے میں پھینک دی گئی،مقدمہ درج،نعش ورثاء کے حوالہ، واقعہ کے بعد بیوی غائب ہو گئی،نماز جنازہ اتوار کے روز ادا کرنے کے بعد نوجوان کو چناری کے علاقہ درہ بٹنگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق محمد حسیب اعوان ولد اکبر دین ساکنہ درہ بٹنگی ضلع مانسہرہ کے علاقہ شنکیاری کی رہائشی لڑکی مسماۃ ربیعہ کو اپنے ساتھ درہ بٹنگی لے گیا،جہاں پر رواں ماہ نو دسمبر کے روز ہٹیاں بالا کے ملحقہ علاقہ کھانڈا بیلہ میں اس کے ساتھ شادی/نکاح کیا،نکاح کے بعد چند روز تک  اپنے گاؤں میں رہنے کے بعد لڑکی کے ہمراہ کرایہ کے مکان میں ترلائی اسلام آباد میں رہائش پذیر ہو گیا،26 دسمبر کے روز اس کی نعش ایک خالی پلاٹ سے پولیس کو ملی،تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نے نعش پولی کلینک ہسپتال پہنچائی جہاں اس کا پوسٹمارٹم کیا گیا،جس میں ڈاکٹرز نے اسے تین گولیاں لگنے کی تصدیق کی،نوجوان کے پاس کوئی سے کوئی بھی شناختی دستاویز نہ ملنے پر اسلام آباد پولیس نے نامعلوم مقتول کے قتل کا مقدمہ نامعلوم قاتلوں کے خلاف درج کرکے فنگر پرنٹ کے زریعے نادرا سے مقتول کے ورثاء کے فون نمبرز حاصل کرتے ہوئے نعش ورثاء کے حوالہ کی،ورثاء سے تفصیل ملنے کے بعد اسلام آباد پولیس نے محمد حسیب کے قاتلوں تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے،اتوار کے روز مقتول کی نماز جنازہ چناری کے نواحی علاقہ درہ بٹنگی میں ادا کرنے کے بعد سپرد خاک کردیا گیا،مقتول کے بھائی محمد نصیب خان اعوان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے،پولیس میرے بھائی کے ساتھ پسند کی شادی کرنے والی ربیعہ کو گرفتار کرے،تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو