top header add
kohsar adart

جب ڈی چوک پہنچ گئے تو پھر گولی کیوں چلائی؟،فضل الرحمان

 

سکھر میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پورے ایک صوبے سے قافلے آرہے ہیں تو اس وقت راستے دیے گئے، پیچھے ہٹ گئے، کہا کہ گولی نہیں چلانا چاہتے، جب ڈی چوک پہنچ گئے تو پھر گولی کیوں چلائی؟ ہم اس حوالے سے بھی حکمرانوں کے اس پرتشدد رویہ کی مذمت کرتے ہیں، ہر پارٹی کو جلسہ، مظاہرہ کرنے کا حق ہے، مجھے بھی اور میرے مخالف کو بھی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے، اس ملک کے کچھ تقاضے ہیں، ہم پاکستان درست سمت میں لیکر جائیں گے، وسائل پر قبضہ کیا جارہا ہے، حقوق سلب ہورہے ہیں، سندھ کے وسائل پر قبضہ ہوگا تو تحریک اٹھے گی، میں آگے ہوں گا، بلوچستان کے حقوق، کے پی کے وسائل پر ان کا حق ہے، تسلیم کرنا ہوگا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم صوبائی حقوق کےعلمبردار ہیں، سندھ کے وسائل پر سندھ کے عوام اور بچوں کاحق ہے، کسی کو سندھ کے وسائل پر قبضے کا حق نہیں، پاکستان کو انارکی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، ہم آئین و قانون کا احترام کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ حقوق کی جنگ پوری قوت سے لڑوں گا، ہم ملک میں غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں، یہ ایسی اسمبلی بناتے ہیں جس سے اپنے مفاد کی ترامیم کرواتے ہیں، حکمرانوں اور پشت پناہی کرنیوالی طاقتوں نے آئین کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تم نے جے یو آئی کا مینڈیٹ چرایا، حالات پر قابو نہیں پاسکے، بلوچستان، خیبر پختونخوا کی صورتحال خطرناک ہے، امن قائم رکھنا وہاں کے حکمرانوں کے بس کی بات نہیں رہی۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ مدارس کی آزادی و حریت ہمارا نصب العین ہے، چھبیسویں ترمیم پر ہم نے اس بل کو پاس کرنے کا کہا، اتفاق رائے ہوا، زرداری نے سب پر دستخط کر دیے مگر مدارس کے بل پر دستخط نہیں کیے، جس بل پر دستخط کیے ہیں اس پر اتفاق نہیں ہوا، وہ آئین کی روح کے خلاف ہے، ایک طرف اتفاق رائے کیا دوسری طرف حقوق غضب کرنے کی کوشش کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More