لیفٹیننٹ جنرل کی کمانڈرجنرل پیپلز لبریشن آرمی سے ملاقات
لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیرکی کمانڈرجنرل پیپلز لبریشن آرمی سے ملاقات
پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر جنرل لی چیاؤ منگ سے ملاقات کی، لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر اور جنرل لی چیاؤمنگ کی ملاقات پی ایل اے آرمی ہیڈ کوارٹرز بیجنگ میں ہوئی،ملاقات میں عالمی و علاقائی صورتحال اور دو طرفہ عسکری تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف کی جانب سے کراچی میں دہشتگردی حملوں میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا گیا،لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے غیر متزلزل عزم کا ارادہ کیا۔
چینی فوج کے کمانڈر کی جانب سے چینی شہریوں کی سکیورٹی میں اضافے کیلئے پاک فوج کے اقدامات کو سراہا گیا، پی ایل اے کمانڈر نے پاکستان کیلئے مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک چین عسکری قیادت نے مشترکہ دشمنوں کیخلاف دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا،اس کے علاوہ پاک چین عسکری قیادت نے خطے میں امن اور ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم کا اعادہ کیا،ملاقات میں دفاع کے شعبے سے متعلق دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک چین عسکری قیادت نے ملٹری ایجوکیشن، تربیت، آلات حرب اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے اشتراک کار پر بھی غور کیا، پاکستان اور چین کی عسکری قیادت نے باہمی تجربات سے استفادے اور باقاعدہ روابط کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی میکنزم پر بھی اتفاق کیا۔