
حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار شہید ہوگئے، اسرائیل کا دعویٰ
حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار شہید ہوگئے، اسرائیل کا دعویٰ
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے نئے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کی متضاد اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
پہلے اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ یحییٰ سنوار کو شہید کر دیا گیا ہے۔ بعد میں کہا کہ بمباری میں شہید فلسطینی شخص کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جا رہا ہے۔
خود حماس نے بھی ابھی تک یحییٰ سنوار کی شہادت سے متعلق بیان جاری نہیں کیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن اور پینٹاگون کو یحییٰ سنوار کی ممکنہ شہادت سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی ذرائع کا کہنا تھا کہ حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت جنوبی غزہ میں رفح علاقہ میں بمباری میں ہوئی، اسرائیلی فوج نے بمباری میں شہید مشتبہ لاش کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا تھا جو مثبت آیا، مکمل تصدیق کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کو یورپی ملک بھیجا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیا کیمپ کے پناہ گزین اسکول پر فضائی حملہ کیا، اسرائیلی فوج نے جبالیا حملے میں حماس اور اسلامی جہاد کے اجلاس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
حماس نے جبالیا پناہ گزین اسکول کو کسی بھی جنگی مقصد کے لیے استعمال کرنے کی تردید کردی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ حملے کا نشانہ بنائی گئی عمارت میں یرغمالیوں کی موجودگی کی اطلاع نہیں ہے۔