اسرائیل کی نسل کشی کوروکنا ضروری ہوگیا ہے،حزب اللّٰہ
اسرائیل کی نسل کشی کوروکنا ضروری ہوگیا ہے،حزب اللّٰہ
حزب اللّٰہ کے سکریٹری جنرل نعیم قاسم نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے 75 سال گزرنے کے بعد جنگ چھڑی ہے۔ قابضین کو اپنی سرزمین سے بھگانے کےلیے فلسطینیوں کو ہر طرح کی جدوجہد کا حق حاصل ہے۔
بیروت سے عرب میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ کے سیکریٹری جنرل نعیم قاسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل اور اسکے حامی اعلانیہ طور پر قتل عام اور نسل کشی کر رہے ہیں، اسے روکنا ضروری ہوچکا۔ غاصب اسرائیل کے خلاف جنگ جیتنے کی ہماری امید کی کوئی حد نہیں۔
انھوں نے کہا اسرائیل نے 22 سالوں تک لبنان کے علاقوں پر قبضہ جمائے رکھا، مسلح جدوجہد سے قبضہ ختم کرایا، لبنان خطے میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ منصوبہ کا حصہ ہے۔
نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف ہماری جنگ پیجر دھماکوں کے بعد شروع ہوئی۔ اسرائیل تباہی کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ ہم اسرائیل کے خلاف حق و باطل کی جنگ لڑنے میں مصروف ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے اہداف کے حصول سے روکنے کےلیے مزاحمت کی جنگ جاری رکھنی ہوگی، ایران سرزمین فلسطین کی آزادی کےلیے فلسطینیوں کی بے لوث حمایت کر رہا ہے۔
نعیم قاسم نے کہا کہ ایران فلسطینیوں کی ہر ممکنہ حمایت کو اپنے لئے باعث فخر سمجھتا ہے، اسرائیل تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادیوں پر بمباری کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا گزشتہ دو ہفتے کے دوران اسرائیل کو انتہائی تباہ کن جواب دیا۔ ہمارے میزائل اسرائیل کے ہر علاقے تک پہنچنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔