خیر زمان راشد کے مضامین پر مشتمل کتاب "لباس مجاز”
مجاز کی آنکھ سے اس خاکداں پر ابھرتے اور مٹتے حقیقی مناظر کا جائزہ لیتی ہوئی خیر زمان راشد کی مختصر مگر وسیع المعانی خوبصورت تحریروں پر مشتمل کتاب ۔۔۔۔
لباسِ مجاز
درویشانہ مزاج، فقیر منش محبتوں اور اخلاص میں اپنی مثال آپ، وسیع المطالعہ، ہمہ وقت کتاب، قلم اور کاغذ سے مکالمہ کرتی ہوئی حیرت انگیز شخصیت، ہمیں از حد عزیز خیر زمان راشد کی کتاب کا قیمتی تحفہ ملا۔ ایسی ہمہ صفات، علم کے عشق میں فنا رہنے والی شخصیت کی طرف سے یہ مہربانی اور کرم ہو گا تو مسرت کا اندازہ آپ خود لگا سکتے ہیں۔ دل کی گہرائی سے ان کا شکریہ ۔۔۔۔
خیر زمان راشد کتاب سے عشق کرتے ہیں۔ ان کے مطالعہ کا موضوع کوئی مخصوص نہیں۔ جو کتاب بھی انہیں مل جائے اسے اپنے اندر اتارنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ اس کتاب میں مختلف موضوعات پر دو سو کے قریب تحریریں ہیں، جو اختصار کے ساتھ متنوع اور معنوی وسعت لیے ہوئے ہیں۔ تاریخ، سماجیات، شخصیات، ادب فلسفہ، شخصی کردار، حسن و عشق، جمالیات، تصوف، دنیا میں روپذیر ہونے والے اہم واقعات (چاہے وہ جنگوں کے نتیجے میں سامنے آئے ہوں یا سامراجی مظالم کی کارگزاریوں کی بدولت) کے انسانی زندگی پر اثرات. ان کی تحریروں میں ان کی روح پوری آب و تاب کے ساتھ سمائی ہوئی ہے. ان کا کمال یہ ہے کہ جب بھی کوئی کتاب ہاتھ لگی اسے پڑھا اور اس وقت اس سے جو نتیجہ اخذ ہوا اختصار کے ساتھ اس کا خلاصہ محفوظ کر لیا۔
ان کی ہر تحریر طلسم ہے جو قاری کی نیم وا چشم کو پوری قوت کے ساتھ کھولتی اور روشن کرتی جاتی ہے۔ اگر کسی نے وہ کتاب نہیں بھی پڑھی تو اس کتاب کا عکس قاری پر واضح ہوتا جاتا ہے۔ اس بات کا احساس مجھے ان کی تحریروں کو پڑھتے وقت بہت شدت سے ہوا۔ انہوں نے اپنی زندگی پڑھنے اور لکھنے کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ انہیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ کوئی ان کی مدح سرائی کرتا ہے یا نہیں وہ اپنا کام بڑی بے نیازی سے خلوص کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایسے فقیرانہ مزاج رکھنے والے فی زمانہ ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملیں گے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہماری نوجوان نسل کو ان کی تحریریں ضرور پڑھنی چاہیں، جو حیات و کائنات کے ہر پہلو کے اندھیروں اجالوں سے روشناس کرواتی ہیں۔
خیر زمان راشد کو اس کتاب کی اشاعت پر بہت بہت مبارکباد اور دعائیں۔ اللہ انہیں لکھنے کی اسی طرح توفیق عطا کرتا رہے اور ہم جیسے کم مایہ طالب علموں کا استفادہ کرنے کے سنہری مواقع ملتے رہیں۔۔۔
بہت دعائیں خیر زمان راشد کے لیے
احمد امتیاز ۔۔۔۔۔ کراچی