ایک باکمال اور مثالی ٹیچرکی ریٹائرمنٹ۔
منفرد اسلوب اور انداز بیاں کے مالک،سینکڑوں شاگردوں کی علمی پیاس بجھانے والے، مجھ سمیت کہیں طالب علموں کے دلوں پر راج کرنے والے دلنشیں لب و لہجے کے حامل استاد، محترم جناب احسن شہزاد عباسی صاحب 27 اگست 2024 کو اپنے فرائض ِمنصبی سے سُبکدوش ہو گئے۔
تحصیل وضلع مری کے گاؤں اپر دیول کےمعتبرترین اور بڑے "پہلیال” خاندان سےتعلق رکھنے والے احسن شہزاد عباسی صاحب آج سے ٹھیک 36سال پہلے درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہوئے اور پھرتین دہائیوں تک سینکڑوں شاگردوں کے دل میں علم کی شمع روشن کرتے چلے گئے۔
انتہائی شریف النفس، مدبر، ملنسار اور شفیق استاد احسن شہزاد صاحب شروع میں اپنے علاقے اور تحصیل میں ہی بطور ٹیچر تعینات رہے مگر بعد میں ضلع راولپنڈی کے دیگرسکولوں میں بھی اپنی خدمات سرانجام دیتے رہے۔
وہ انچارج ہیڈماسٹرگورنمنٹ ہائی سکول زرعی فارم راولپنڈی بھی تعینات رہے۔
وہ اساتذہ کی بڑی اور مؤثر تنظیم ایس ایس ٹی ایسوسی ایشن ضلع راولپنڈی کے ایک کلیدی عہدے پربھی فائز رہے اور اساتذہ کے حقوق کی جنگ کیلئے ہر لمحہ برسرِ پیکار رہے۔
محترم احسن شہزاد صاحب اپنی پرخلوص خدمات کی وجہ سے اپنے شاگردوں اور ساتھی اساتذہ کرام میں ہردلعزیز شخصیت کے مالک رہے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے اخلاص اور علمی لگن کی وجہ سے اُنہیں ہر خاص و عام میں غیرمعمولی مقبولیت عطا فرمائی۔
ان کے شاگردوں کی تعداد سینکڑوں میں تو ہو گی جب بھی ان کے کسی شاگرد سے ان کا ذکر ہوا تو لگا کہ وہ ان کی تعظیم میں بچھا چلا جا رہا ہے۔ ان کے سینکڑوں شاگرد اس بات کے گواہ ہیں کہ کسی فارغ پریڈ میں بھی وہ اپنے طالب علموں کے دلوں کو جذبہ حب الوطنی اور جذبہ جہاد سے سرشار کیے رکھتے تھے۔
استاد کبھی ریٹائرڈ نہیں ہوتا وہ قوم کی رگوں میں خون بن کر زندہ رہتا ہے۔
اﷲ تعالیٰ ہمارے اساتذہ کرام کی زندگی میں خوب برکتیں عطا فرمائے۔ ان سے ہمیں خوب فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کا سایہ رحمت و شفقت ہمارے سروں پر ہمیشہ قائم ودائم رکھے۔( آمین یا رب العالمین)
پنجاب ٹیچرزایسوسی ایشن، ایس ایس ٹی ایسوسی ایشن، پہلیال ویلفیئر فاؤنڈیشن اور پہلیال برادری کے اکابرین نے سروس کی کامیاب تکمیل پر احسن شہزاد عباسی صاحب کو مبارکباد پیش کی ہے اور انکی علمی خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔