جھیکا گلی مری میں احتجاج۔تاجروں سمیت 110 افراد کے خلاف مقدمہ درج
جھیکا گلی مری کے بازار کو مسمار کرنے کے خلاف احتجاج کرنے والے تاجروں سمیت سو سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جن میں سے اکیس نامزد کئے گئے ہیں ۔
اس مقدمے میں پہاڑی زبان کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والے ظہیر احمد عباسی عرف ظہیر چاچو کو بھی نامزد کیا گیا ہے جس پر عوامی حلقوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مری انتظامیہ کی جانب سے توسیعی منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں جھیکا گلی بازار میں قائم کیبن گرانے کے لیے بھاری مشینری منگوائی گئی تھی، تاہم بڑی تعداد میں تاجر اور اہل علاقہ جمع ہو گئے جو رات سے یہاں دھرنا دیے بیٹھے تھے۔اس دوران پولیس کے ساتھ ان کی تلخ کلامی بھی ہوئی تاہم تاجروں نے سرکاری مشینری کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا جس کی وجہ سے انتظامیہ کو فوری طور پر آپریشن روکنا پڑا۔
انجمن تاجران مری کے رہنما طفیل اخلاق عباسی کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر مری نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی ان کا کہنا تھا کہ تاجر اپنے روزگار اور جمع پونجی بچانے کے لیے کوئی بھی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں اور جھیکا گلی بازار کسی صورت نہیں گرنے دیں گے۔
دوسری طرف مری پولیس نے پرامن احتجاج اور اپنے حق کے لٸے آواز بلند کرنے پر راجہ طفیل اخلاق سمیت 21 نامزد اور 90 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔
مری کی تاجر برادری اور کاروباری حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے من گھڑت FIR کی شدید مذمت کی اور فوری طور پر مقدمہ خارج کرنے کا مطالبہ کیا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سےایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف مقدمہ کا اندراج دہرا معیار اور قابل مذمت اقدام ہے۔
راجہ اسامہ سرور کا تاجروں کو کیبن کے لیے متبادل جگہ دینے کا اعلان
ادھر مری سے منتخب رکن قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور عباسی نے تاجروں کے عمران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی غیر موجودگی اور لاعلمی میں ایف ائی ار درج کی گئی جو ان کے کہنے پر سیل کر دی گئی ہے اور کسی بھی نامزد شخص کے خلاف کاروائی نہیں ہوگی۔
راجہ اسامہ سرور کا کہنا تھا کہ جھیکا گلی کے تاجروں کا مسئلہ ان کا اپنا مسئلہ ہے جسے خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا اور تاجروں کو متبادل کیبن فراہم کرنے کے لیے جگہ کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کسی کو کوئی شکایت نہیں ہوگی۔