سوات،غیرت کے نام پر شوہر کے ہاتھوں بیوی اور بیٹیاں قتل
سوات کی تحصیل کبل کے علاقے دیولئی گولڈن میں بیرون ملک سے آئے شوہرنے اپنی بیوی اور تین بیٹیوں کو غیرت کے نام پر قتل کرکے بیرون ملک فرار ہوگیاہے۔ خاتون اورتین بیٹیوں کی لاشیں تین سے چار روز بعد بعد ملی ہیں۔ایس پی انوسٹی گیشن سوات بادشاہ حضرت خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون اور ان کی تین جواں سال بیٹیوں کی لاشیں گھر سے ملی ہیں ۔خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے جبکہ تینوں بیٹیوں کو فائرنگ کے بعد گلہ کاٹ کر موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق مقتولین میں پینتیس سالہ خاتون مسماۃ حسن پری، انیس سالہ مطلقہ بیٹی سائلہ ،سولہ سالہ بیٹی اسماء اور تیرہ سالہ بیٹی ثانیہ شامل ہیں ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلئے ہیں۔ریسکیو1122 کے اہلکاروں نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے دیولئی اسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ خاتون کے بھائی نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کے بہنوئی سردارعلی ولداکبرزادہ سکنہ گولڈن دیولئی نے ان کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دی ہے کہ اس نے ان کی بہن اور بھانجیوں کو قتل کردیا ہے ۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزم سردارعلی ایک ماہ قبل مسقط سے آیا تھا اور کوئی تین دن قبل یہ واردات کرکے ملک سے فرارہوگیا ہے اور وہاں سے اپنے سالے کوواردات کی اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے اپنی بیوی اوربیٹیوں پر فائرنگ کی ہے اور بعدازاں تینوں بیٹیوں کا گلہ بھی کاٹا ہے ۔ ملزم نے گھر کا دروازہ بند کرکے فرار ہوگیاتھا لیکن ہمسایوں اور دیگر رشتہ داروں کو کانوں کان خبر نہ ہوئی تھی اور سب نے اس واقعے کے حوالے سے لاعلمی ظاہر کی ہے ۔ پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کرکے قتل کے محرکات معلوم کرنے کے لئے تفتیش کا عمل شروع کردیا ہے۔ ایس پی انوسٹی گیشن بادشاہ حضرت خان نے بتایا کہ مقتولہ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں ملزم سردارعلی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہےاور ملزم کی گرفتاری کے لئے انٹرپول سے رابطہ کیا جائے گا ۔