لاپتہ شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی گئی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے آزاد کشمیر کے لاپتہ شہری خورشید احمد کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ خواجہ خورشید جاسوسی کے الزام میں ملٹری کی حراست میں ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ چلیں بندے کا پتہ تو چل گیا۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آپ قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتےہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا وہ ملٹری سے ریٹائر ہیں؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے کہا کہ جی وہ ملٹری ریٹائرڈ ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ ہمیں ان کے جواب کی کاپی دے دیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست نمٹتے ہوئے کہا کہ جی بالکل آپ کاپی لے لیں، متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔