پی ٹی آئی فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی سیاست کر رہی ہے،عرفان صدیقی
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی سیاست کر رہی ہے۔
ایک بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 4 سال وزیراعظم رہے لیکن حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کھول کر نہ دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ آج کل بانی چیئرمین بدنیتی کی بنیاد پر حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا معاملہ اٹھا رہے ہیں۔
ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی خود شیخ مجیب الرحمان اور آرمی چیف کو یحیٰی خان کہہ رہے ہیں، اگر ایسا ہے تو بتائیں کہ آج کی مکتی باہنی کون ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیاسی کردار ادا کرنے کے بجائے قومی سلامتی کی حدود کو عبور کر جاتی ہے، پی ٹی آئی کے لیڈروں کے بیانات تصدیق ہیں کہ وہ 9 مئی پر ہی کھڑے ہیں۔
عرفان صدیقی نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا سیاسی کردار یہ تھا کہ فوج سیاست میں نہ آئے، پی ٹی آئی فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی سیاست کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈھیل ملے تو مجرم اسے اپنی ڈھال بنالیتے ہیں، عدلیہ جو بھی فیصلےکرے، ان پر ہمیں کوئی پریشانی نہیں۔
ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ کے دور میں قومی احتساب بیورو ( نیب) کا خاتمہ نظر آرہا ہے، پیپلز پارٹی، ن لیگ بھگت چکے، ہوسکتا ہے پی ٹی آئی بھی نیب کے خاتمے سے اتفاق کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری نے 10 سال جیل کاٹی لیکن سیاسی کردار ادا کیا، نواز شریف نے جیل، جلاوطنی اور دیگر مظالم کا سامنا کیا لیکن سیاسی کردار ادا کیا۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ 9 مئی فالس فلیگ آپریشن تھا تو ویڈیوز میں تمام پی ٹی آئی کے معروف چہرے کیوں نظر آرہے ہیں؟ ویڈیوز میں کورکمانڈر ہاؤس اور جی ایچ کیو جانےکی باتیں کون کر رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پارٹی صدر بننا نیک شگون ثابت ہوگا، وہ جماعت کے لیے چھت اور سائبان ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے نہایت دیانتداری اور محنت سے جماعت کو چلایا۔