پی ٹی آئی کو ہم نے ایسا بٹھایا کہ واپس نہیں آ سکیں گے، مولانا فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں ترقیاتی منصوبے روکے گئے،
پی ٹی آئی والے پھر بھی کہتے ہیں دوبارہ آئیں گے، ہم نے تمہیں ایسا بٹھایا ہے کہ واپس نہیں آسکو گے۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیں کہتا تھا نیا پاکستان بنا رہا ہوں،
اپنے نوجوانوں کو گمراہ ہوتے نہیں دیکھنا چاہتا، اگر فتنہ ملک پر مسلط ہوتا ہے تو اس کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فتنے کے دور میں ترقی کی شرح صفر سے نیچے چلی گئی، افغانستان 40 سال سے حالت جنگ میں ہے
لیکن آج افغان کرنسی کی ویلیو پاکستانی روپے سے زیادہ ہے، خوشحال معیشت پاکستان کی ضرورت ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لوگ ہمیں طعنے دیتے ہیں کہ اقتدار کی جنگ لڑ رہے ہیں،
ہماری جنگ اسلام کو اقتدار میں لانے کی ہے، اسلام کو اقتدار میں لانے کی جنگ کی وارث جے یو آئی ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ کیا ہمارے ہاں امن و امان اور لوگوں کی زندگی محفوظ ہے؟ روزانہ انسانوں کی جانیں لی جاتی ہیں،
معیشت ٹھیک نہیں، ہم دوسروں کو خیرات دیتے تھے آج بھیک مانگ رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلامی دنیا کے سائے پر کفر نے کیوں قبضہ کر لیا ہے؟ ہمیں اپنے کردار کا جائزہ لینا ہو گا۔