ہم نے کبھی نہیں کہا کہ میں حکومت میں آگیا تو انہیں رلاؤں گا، شہباز شریف
ہم نے کبھی نہیں کہا کہ میں حکومت میں آگیا تو انہیں رلاؤں گا، شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے تو کبھی نہیں کہا کہ ان کو گردن سے پکڑیں گے، رلائیں گے، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ میں حکومت میں آگیا تو انہیں رلاؤں گا۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عوام 8 فروری کو پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، مسلم لیگ ن نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے، نواز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اور میں اس مہم کو آگے لیکر جائیں گے، 2017 میں نواز شریف کی شبانہ روز محنت سے پاکستان ترقی کر رہا تھا، نوازشریف دن رات بجلی کے اندھیرے ختم کر رہا تھا، نواز شریف نے 2013 میں کہا تھا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلیے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2017 میں ڈنڈے اور بلے نے جوترقی کا سفر روکا اس کو دوبارہ شروع کریں گے، ثاقب نثار کے ذریعے حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج ملک مسائل میں نہ ہوتا، ملک کی ترقی کے خلاف ایک سازش ہوئی اور ہر چیز تہہ و بالا کردی گئی، معیشت تباہ کی گئی ،سفارتی تعلقات مجروح ہوئے مشکلات کے باوجود مایوس کو قریب نہ آنے دیں تو اللّٰہ دن بدل دیتا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ معاشرے میں زہر گھولا گیا اور معاشرہ تقسیم در تقسیم کیا گیا، اس نفرت کو ایک دو سال میں ختم کرنا بہت بڑا چیلنج ہے، چھ سات سال قوم کے برباد کیے گئے، معاشی تباہی کے کنارے پر پہنچے، 16 ماہ میں ہم نے دن رات کوشش کی پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، اللّٰہ کی عدالت میں پوچھا گیا کہ کیا خدمت انجام دی تو کہوں گا پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، یقین تھا کہ ریاست بچ گئی تو سیاست بھی واپس آجائے گی، پارٹی منشور سے متعلق نوازشریف خود قوم کو آگاہ کریں گے، نواز شریف نے معیشت کی جو خدمت کی ہے اس کی مثال نہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان میں نہ تیل ہے نہ گیس وہ ذخائر جو ہونے چاہیے وہ ہمارے پاس نہیں، پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے نوجوان نسل ہمکنار کروا سکتی ہے، نوجوان نسل کو تعلیم سے آراستہ کریں گے توچیلنجز کا مقابلہ کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں لاکھوں بچوں کو اربوں روپے کے تعلیمی وظائف ملے ، نوازشریف کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں طالبات کے وظائف بڑھائے گئے، نواز شریف کو اکثریت ملی تو پاکستان کی حالت بدلنے کے لیے دن رات ایک کر دیں گے، نواز شریف کی پختہ سوچ ہے کہ مشاورت سے پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے، الیکٹیبلز کو بھی ٹکٹ دیے ہیں اور پارٹی ورکرز کو بھی ٹکٹ دیے گئے، نوجوان نسل پر اربوں کھربوں روپے خرچ کرنے ہیں یہ پاکستان کا مستقبل ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ بلا کیا میں نے یا نوازشریف نےلیا ہے؟ عدالت کی کارروائی براہ راست نشر ہوئی وہاں ثبوت دیتے، شیر تو ہمارا 2018 میں چلا گیا تھا، آج بلا چھینا گیا ہے تو ان سے پوچھیں انٹراپارٹی الیکشن کیوں ٹھیک نہیں کیا؟
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ تاریخ کی سب سے کم مہنگائی نواز شریف کے دور میں تھی، پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑا، 16 ماہ میں ہم نے مل کر دن رات کوشش کی، 16 ماہ میں کوئی وزیراعظم اتنی بار گوادر نہیں گیا جتنی بار میں گیا، ہم نے تو کبھی نہیں کہا کہ ان کو گردن سے پکڑیں گے، رلائیں گے، ہمیں اللّٰہ سے رحم مانگنا چاہیے، معافی مانگنی چاہیے، انتخابات میں ن لیگ سرپرائز دے گی۔