
ہفتے میں دوبار گھی میں پکی دیسی مرغی اور مٹن۔ جیل میں عمران کی خوراک
توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد اٹک جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو جیل میں کیا کیا سہولیات میسر ہیں؟ اس حوالے سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کی تفصیل سامنے آگئی ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کے احکامات پر اٹارنی جنرل نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب سہولیات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں سب سے محفوظ ہائی آبزرویشن بلاک میں رکھا گیا ہے جبکہ ان کی ملحقہ بیرکس کو بھی خالی رکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 بائی 11 سائز کی بیرک میں رکھا گیا ہے، جبکہ ان کے واش روم کی دیوار 6 فٹ اونچی اور واش روم کا سائز 7 بائی 4 ہے، جیل میں انہیں وائٹ واش، پکا فرش اور ایک پنکھےکی سہولت میسر ہے۔ واش روم کے اندر پورٹا کمپنی کا کموڈ، مسلم شاور، ٹشو اسٹینڈ لگائے گئے ہیں، وضو کےلئے واش روم کے باہر واش بیسن لگایا گیا ہے، سیل پچھلی طرف سے ہوا کے لئے کھلا ہے، جہاں عمران خان واک کر سکتے ہیں،
رپورٹ کے مطابق بہتر کلاس کا قیدی ہونےکی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کو میٹرس، ائیر کولر، 4 تکیے، میز اور کرسی کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں قرآن پاک کے چار مختلف قسم کے انگریزی تراجم اور 25 تاریخی کتابیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
گھی میں پکی دیسی مرغی اور مٹن۔۔ عمران کو کھانے میں کیا کیہا ملتا ہے؟
سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق عمران خان کو پیر سے اتوار تک ناشتے میں بریڈ، آملیٹ، دہی اور چائے دی جاتی ہے، پیر کو لنچ میں سبزی، روٹی، سلاد اور دہی دیا جاتا ہے جبکہ منگل کو دال چنا ، بدھ کو دال ماش، جمعرات کو دال، جمعے کو سبزی، ہفتے اور اتوار کو بھی دال دی جاتی ہے،
اس کے علاوہ ڈنر میں دال چاول، دہی اور سلاد دیا جاتا ہے، فرمائش پر ہفتے میں2 بار دیسی مرغی اور ایک بار مٹن بھی دیسی گھی میں تیار کر کے دیا جاتا ہے، تحریک انصاف چیئرمین کو موسمی پھل بھی دیئے جاتے ہیں،
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے سیل میں ایک میٹریس، 4 تکیے، ٹیبل، کرسی ، جائے نماز، 21 انچ ایل ای ڈی ٹی وی اور ایئر کولر کی سہولت دی گئی ہے، واضح رہے کہ اڈیالہ جیل حکام نے عمران خان کو جیل میں سہولیات پر 6 صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔