روات اوچھاکے نوجوان نے درخت سے لٹک کر خودکشی کر لی
جواں سال عبید پر جنات کا سایہ تھا ، اکثر بیمار رہتا تھا ۔۔ ورثا کا موقف
مری کی یو سی روات کے علاقے اوچھا میں نوجوان نے درخت سے لٹک کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ روات کے علاقے اوچھاہ ڈھوک تلوٹ کے رہائشی محمد حفیظ کے جواں سال بیٹے عبید کی خودکشی کے واقعے پر علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔
اہل خانہ کے مطابق محمد عبید عباسی ولد حفیظ عباسی پر جنات کا سایہ تھا اور وہ اکثر بیمار رہتا تھا جس کی وجہ سے اسے دم بھی کراتے تھے۔ ورثا نے پولیس کو بتایا کہ اتوار کے روز عبید گھر سے چھری اور چادر لے کر نکلا تھا، جب شام تک واپس نہ آیا تو تشویش ہوئی اور گھر والے اسے تلاش کرتے رہے مگر کہیں سے کوئی سراغ نہ ملا ۔
پیر کے روز کسی نے اطلاع دی کہ عبید کی لاش قریبی کھیت میں درخت کے ساتھ لٹکی ہوئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ اس نے خودکشی کی ہے۔ ورثا اور اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر تھانہ پھگواڑی کے ایس ایچ او اسامہ گوندل عباسی کی سربراہی میں پولیس اہلکاروں نے لاش تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی مکمل کی اور ورثا کے بیانات ریکارڈ کر کے میت ان کے حوالے کر دی گئی۔