
پولیس نے رات گئے عمران خان کی رہائش گاہ کا پھر گھیراؤ کر لیا
تحریک انصاف سربراہ کی گرفتاری کا خدشہ ۔ کارکن مشتعل
پنجاب پولیس میں جمعرات کی شب ایک بار پھر عمران خان کی لاہور میں واقع رہائش گاہ زمان پارک کا گھیراؤ کر لیا۔ رات گئے بہت بڑی تعداد میں پولیس کی گاڑیاں بھاری نفری کے ساتھ زمان پارک پہنچ گئیں جبکہ قریبی شاہراہوں کو ناکے لگا کر بند کر دیا گیا۔
اس غیر معمولی نقل و حرکت کے باعث پہلے سے الرٹ تحریک انصاف کے کارکن مشتعل ہوگئے اور انہوں نے شدید نعرے بازی شروع کردی۔ دوسری طرف اسد عمر ،مراد سعید، یاسمین راشد ، زبیر خان نیازی اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں اور سینئر کارکنوں نے فوری طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے پیغامات جاری کر کے عمران خان کے حامیوں کو زمان پارک پہنچنے کو کہا اس کے بعد کارکنوں کی تعداد میں خاصا اضافہ ہو گیا۔ اس دوران بعض مشتعل کارکنوں نے سڑک پر پہلے سے موجود رکاوٹیں بھی ہٹا دیں۔ دوسری طرف سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے حامیوں اور کارکنوں نے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف مہم تیز کردی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست خارج کیے جانے کے بعد ان کی گرفتاری کا امکان بڑھ گیا ہے۔ دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ نے ثناءاللہ نے بھی عندیہ دیا ہے تحریک انصاف کے سربراہ کو گرفتار کیا جا سکتا ہے تاہم ان کا یہ کہنا تھا کہ اس حوالے سے پولیس یا ایف آئی اے کو کسی ہدایت کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ضمانت منسوخی کے بعد گرفتاری ان کی ڈیوٹی میں شامل ہے ۔ ادھر لاہور میں پولیس کی غیر معمولی نقل و حرکت اور عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد ایک بار پھر زمان پارک پہنچ گئی۔