9مئی کےماسٹر مائنڈ سمیت سب کو سزا دی جائے گی،عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9مئی کے سارے کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ملکر جشن منائیں گے، عوام 9مئی کے واقعے پر انصاف تلاش کررہے تھے، 9مئی کےماسٹر مائنڈ سمیت سب کو سزا دی جائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل ہمیشہ مسلم لیگ ن ہی حل کرتی ہے، مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے، پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے 9مئی پر حملہ کیا، آج 25ملزمان کو سزا سنائی گئی ہے، یہ وہ ملزمان تھے جنہوں نے دفاعی عمارتوں کو نقصان پہنچایا، اس سے پہلے شہدا کی کبھی بے حرمتی نہیں کی گئی، بانی پی ٹی آئی نے اس ملک میں تشدد کی روایات ڈالی، اختلاف تہذیب کے دائرے میں رہ کر ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ ایک طرف کرپشن اور دوسری طرف ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا گیا، آئی ایم ایف کو کہا گیا کہ اس ملک کو قرضہ نہ دو، یہ ممکن نہ ہوتا اگر سپہ سالار کی محنت اس میں شامل نہ ہوتی، عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انتشار کا ماسٹر مائنڈ آج واضح ہوگیا، آج پاکستان کیلئے بہت بڑا دن ہے، عوام 9مئی کے واقعے پر انصاف تلاش کررہے تھے، 9مئی کےماسٹر مائنڈ سمیت سب کو سزا دی جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 9مئی ایک سانحہ تھاجس کی پلاننگ بانی پی ٹی آئی نے کی، خوشی ہے اس عظیم دن پر میں اپنے بھائیوں کے پاس ہوں، 9مئی کے سارے کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ملکر جشن منائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کرکے دشمن کے ہاتھ مضبوط کیے گئے، کور کمانڈر ہاؤس سمیت دفاعی تنصیبات پر حملہ کرنے والے25مجرموں کوسزائیں ہوئیں