راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاک بحریہ نے موجودہ سمندری سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر “آپریشن محافظ البحر” شروع کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس آپریشن کا مقصد قومی جہاز رانی اور سمندری تجارت کو درپیش ممکنہ خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنا ہے۔ آپریشن کے تحت توانائی کی ترسیل اور اہم سمندری راستوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ ملک کی تجارتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاک بحریہ کے جنگی جہاز اس آپریشن کے دوران تجارتی جہازوں کو سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں جبکہ پی این ایسکارٹ کی کارروائیاں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے تعاون سے انجام دی جا رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے سکواڈرن جہازوں کی حفاظت کے لیے باقاعدہ ایسکورٹ آپریشنز بھی جاری رکھے ہوئے ہیں اور بحریہ موجودہ میری ٹائم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت کی فعال نگرانی اور کنٹرول کے ذریعے محفوظ سمندری راہداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندر کے ذریعے ہوتی ہے، اسی لیے اہم سمندری راستوں کو محفوظ اور بلا تعطل رکھنے کے لیے یہ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس وقت پاک بحریہ کے جہاز دو تجارتی جہازوں کو سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں جبکہ ان میں سے ایک جہاز آج کراچی کی بندرگاہ پر پہنچنے والا ہے۔
