اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈرون، فینٹم اور کیم کوپٹر اڑانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے دفعہ 144 کے تحت جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جڑواں شہروں میں بغیر پیشگی اجازت کسی بھی قسم کی بغیر پائلٹ پرواز کرنے والی مشین (یو اے وی) کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے اور آئندہ دو ماہ تک برقرار رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور آئی سی ٹی انتظامیہ کے علاوہ کسی فرد یا نجی ادارے کو ڈرون یا اسی نوعیت کی ڈیوائس اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنانے اور ممکنہ سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ حکم نامہ سرکاری گزٹ میں بھی شائع کیا جائے گا۔
