جے یو ائی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے 25 اپریل سے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخ کو بلوچستان میں پہلا عوامی جلسہ ہوگا۔
بدھ کو ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے آٹھ فروری کے انتخابی نتائج کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارلیمنٹ عوام کی نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کی نمائندہ ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جے یو آئی کا کوئی امیدوار ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے تحریک کا آغاز کرتے ہوئے 25 اپریل کو پشین میں پہلا جلسہ کیا جائے گا۔
ہم نے عوام سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں متحد کر کے اعتماد میں لیں گے، جس کے بعد کراچی پشاور اور لاہور میں بھی جلسے کریں گے۔ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کر رہے ہیں۔
مولانا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن بے بس ہے۔ اسے نتائج مرتب کرنے کی اجازت تک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک کے لیے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کہہ رہے ہیں کہ ہمارے معاملات نے مداخلت ہو رہی ہے جبکہ خواجہ آصف نے ماضی کے دریچوں سے پردہ اٹھایا ہے۔
