سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پھر گرفتار

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو ایک بار پھر اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو وفاقی دارالحکومت میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا ہے اور یہ کارروائی اسلام اباد پولیس نے کی ہے۔
فواد چودری کے بھائی فیصل چوہدری ایڈوکیٹ نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ نہیں معلوم کہ انہیں گرفتار کر کے کہاں لے جایا گیا ہے اور کہاں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری تحریک انصاف کے سرگرم رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات تھے۔ قبل ازیں بھی انہیں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس میں تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا ،بعد ازاں وہ استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے تھے تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے وه سیاسی لحاظ سے سرگرم نہیں تھے البتہ یہ اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ وہ مختلف سفارت خانوں اور سفارتی شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
بعض اطلاعات کے مطابق غیر ملکی سفارت کاروں سے ملاقات میں فواد چوہدری اپنے سابق لیڈر عمران خان کی سفارش کرتے ہوئے بھی پائے گئے تاہم فی الوقت یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں کس الزام کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بعد یہ دوسری اہم سیاسی گرفتاری ہے جبکہ اس سے قبل سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ڈیڑھ ماہ تک لاپتہ رہنے کے بعد منظر عام پر آئے تھے جسے انہوں نے گرفتاری یا حراست کے بجائے 40 روزہ چلہ قرار دیا تھا۔