بجلی کے جھٹکے کے ساتھ گیس بھی مہنگی کرنے کی تیاری

نیپرا کے بعد وفاقی حکومت نے بھی بجلی 3 روپے 28 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دےدی ہے، جبکہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر گیس بھی مہنگی کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے، اور خدشہ ہے کہ گیس قیمت میں 45 فیصد تک اضافہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی 3 روپے 28 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی۔ اب وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق بجلی صارفین کو 6 ماہ میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی، جو اکتوبر 2023 تا مارچ 2024 تک کریں گے۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہو گا۔ نیپرا کے مطابق بجلی صارفین سے اکتوبر 2023 تا مارچ 2024 میں وصولیاں کی جائیں گی۔

ادھر آئی ایم ایف کے مطالبے پر نگران حکومت نے گیس مہنگی کرنے کی تیاری مکمل کرلی، واضح رہے کہ پی ڈی ایم حکومت گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ مؤخر کرگئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے گیس کےریٹ 45 فیصد بڑھانے اور گیس ریٹ بڑھا کر 435 ارب روپے جمع کرنے کا مطالبہ کررکھا ہے اور آئی ایم ایف گیس ریٹ بڑھانے میں کوئی رعایت دینے پر تیار نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ گیس کے چھوٹے صارفین کو ریٹ میں اضافے سے بچانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے، گیس کے چھوٹے صارفین کے لیے گیس مہنگی نہیں کی جائے گی۔
Preparations to make gas more expensive along with electricity shock,بجلی کے جھٹکے کے ساتھ گیس بھی مہنگی کرنے کی تیاری