30 مئی کو سپریم کورٹ میں میرا میچ ہے،بانی پی ٹی آئی
30 مئی کو سپریم کورٹ میں میرا میچ ہے،بانی پی ٹی آئی
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے کہ 30 مئی کو سپریم کورٹ میں میرا میچ ہے، تمام کیسز براہ راست نشر کیے جائیں قوم کو پتہ لگے چوری کس نے کی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انسانوں اور جانوروں کے معاشرے میں فرق ہوتا ہے انسانوں کا معاشرہ لوگوں کے دل جیت کر چلایا جاتا ہے ،بورس جانسن اور ہیرل ملن کو اخلاقی بنیادوں پر حکومتیں چھوڑنا پڑیں،ان کاکہناتھا کہ آٹھ فروری سے پہلے تین سزائیں دی گئی،تمام پروپیگنڈے کے باوجود لوگوں نے ہمیں جتوایا،انہوں نے سمجھا تھا کہ ہم الیکشن سے بھاگ جائیں گے ،اسلام آباد کا ریٹرننگ آفیسر بھاگا ہوا ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ پٹن کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی اسلام آباد کی نشستیں 50 ہزار کی لیڈ سے جیتی ہوئی تھی،لاہور میں ٹرائی بیونل ہی نہیں بنایا جا رہا ڈرے ہوئے ہیں کہ حلقے نہ کھل جائیں،تین ماہ ہو گئے ٹرائی بیونلز سے فیصلے آنے چاہیے تھے ،میڈیا کا منہ بند کرنے کیلئے فارم 47 کی وزیراعلیٰ نے عزت کا قانون پاس کر دیا،ملک میں خوف کے ذریعے سب کچھ چلایا جا رہا ہے ،پی ٹی آئی کو جلسے تک کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ خیبر پختونخوامیں کسی مخالف پر کوئی کیس کیا یا ہم نے کسی کو جیل میں ڈالا ،ہمیں پتہ ہے کہ رؤف حسن پر حملے کے واقعہ کے پیچھے کون ہے،رؤف حسن کے ساتھ جو ہوا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ نظام ڈنڈے کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ،پارٹی تیار ہو جائے روف حسن کے معاملے پر سڑکوں پر نکلیں گے ،ان کاکہناتھا کہ ہماری برداشت ختم ہو رہی ہے اور ہم سڑکوں پر احتجاج کریں گے ،ملکی حالات کی وجہ سے سڑکوں پر نہیں نکل رہے تھے ،معیشت اس قابل نہیں کہ احتجاج برداشت کر سکے کوئی بھی نقصان ہوا تو یہ خود ذمہ دار ہونگے ۔
عمران خان نے کہاکہ پارٹی تیار رہے ہم اسمبلی اور بجٹ اجلاس نہیں چلنے دیں گے ،شہباز شریف کہہ رہا ہے کہ مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے،مشکل فیصلے تب ہوتے ہیں جب لیڈر قربانیاں خود سے شروع کرے ،نواز شریف،شہباز شریف اور زرداری بیرون ملک رکھے گئے اربوں روپے واپس لیکر آئیں، قوم بہت قربانی دے چکی اب قوم پہلے آپ سے قربانی چاہے گی۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ غداری کا بھی کیس چلانا ہے تو چلائیں پھانسی کیلئے بھی تیار ہوں،ان کاکہناتھا کہ ججز پر جو خوف تھا وہ اترتا جا رہا ہے ،عمران خان نے کہاکہ کیا نواز شریف سے کوئی ڈیل نہیں کی چودھری نثار کے ساتھ نواز شریف سے ملاقات ہوئی تھی،نواز شریف نے سمجھ لیا کہ میرے ضمیر کی قیمت صرف ایک سڑک ہے ،بنی گالہ کی سڑک توشہ خانہ کے تحائف بیچ کر بنوائی تھی ۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ نواز شریف بتائیں کہ پیسہ باہر کیسے گیا،پرویز الہی کی رہائی پر خوش ہوں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،پرویز الہی اگر پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیتا تو اسی دن رہا ہو جاتا ،ان کاکہناتھا کہ ججز اپنی ساکھ کیلئے کھڑے ہو گئے ہیں اس لئے انہیں لگ رہا ہے کہ ڈیل ہو گئی،ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو اجازت ہے کہ وہ حکومت گرا دے ،مجھے یہ اجازت نہیں کہ میں امریکہ کی سازش کو بے نقاب کروں۔