
3 بڑی پارٹیوں نے چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کا مطالبہ مسترد کردیا
ملک کی تین بڑی سیاسی پارٹیوں نے چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کے وکلاء کے مطالبے کو مسترد کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر، ن لیگ کے خرم دستگیر اور پیپلز پارٹی کے ناصر شاہ نے شرکت کی۔
پروگرام کے دوران ملک کی تین بڑی سیاسی جماعتوں نے چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کا مختلف بارز کا مطالبہ مسترد کیا۔
بیرسٹر علی ظفر نےکہا کہ اگرالیکشن کمیشن کوئی غلط فیصلہ کرتا ہے تو اس پر تنقید کی جاتی ہے، چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ سیاسی ہے مگر اس کی قانونی حیثیت نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ استعفیٰ کا مطالبہ جائز ہے مگر یہ وقت غلط ہے، ہم انتخابات کے موقع پر کوئی بحران پیدا نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی جارہی، الیکشن کمیشن کا کام انتخابات کرانا ہے، بطور ادارہ اس کی عزت کرنی چاہیے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ چیف الیکشنز کے خلاف الزامات مبہم ہیں، اگر واضح شواہد ہیں تو سامنے لائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی مدت 2025 تک ہے، جن کا نام بانی پی ٹی آئی نے دیا تھا۔
ناصر شاہ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنرکو اس وقت ہٹانا انتخابات ملتوی کرنے کا جواز بن سکتا ہے۔