
گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرپہلی کمرشل فلائٹ کی آمد
گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قومی ایئر لائن پی ائی اے کی پہلی کمرشل فلائٹ کی آمد سے ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈے کا افتتاح ہو گیا. وزیراعظم نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاک چین دوستی کی اعلیٰ مثال ہے.
تفصیلات کے مطابق نیو گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کو باقاعدہ فعال کردیا گیا ، پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 503 لینڈ کرگئی ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ پہلی پرواز کراچی سے 46 مسافروں کو لے کر کمرشل پرواز کی حیثیت سے11 بجے لینڈ ہوئی، پی آئی اے کی پرواز کو واٹر سلوٹ پیش کیا گیا۔ وفاقی وزیرخواجہ آصف نے نیوگوادر ایئرپورٹ پہلی پرواز کے مسافروں کا استقبال کیا، اس موقع ہر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی بھی موجود تھے.
اس کے علاوہ گورنر، سیکریٹری ایوی ایشن ،ڈی جی اے ایس ایف ، چیف سیکریٹری سمیت دیگر حکام بھی افتتاحی تقریب میں موجود ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سہولتوں سے آراستہ گوادر ائیرپورٹ پاک چین دوستی کی اعلیٰ مثال ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر ائیرپورٹ سے پروازوں کاسلسلہ شروع ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئےکہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے آج ایک اور سنگ میل عبور کرلیاگیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گوادر ائیرپورٹ کا فعال ہونا خطے میں مواصلاتی روابط کے فروغ کی طرف ایک اہم قدم ہے، گوادر ایئرپورٹ سی پیک سے پاکستان اور خطے کی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرےگا۔ شہباز شریف کا کہنا تھاکہ سی پیک کی شروعات نواز شریف کے دور سے ہوئی، چینی صدر اور نوازشریف کی ترقی کے مشترکہ عزم کی تکمیل کےمزید قریب پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے مزید کہاکہ بین الاقوامی سہولتوں سے آراستہ گوادر ایئرپورٹ پاک چین دوستی کی اعلیٰ مثال ہے، مجھ سمیت پوری قوم چینی حکومت کی مشکور ہے۔