کشتیاں ڈوبنے کے دو المناک واقعات میں 182 افرادہلاک

نائجیریا میں 103 باراتی غرقاب ہو گئے-100 کوبچالیاگیا-بحیرہ روم کے ساحل پر 79 تارکین وطن لہروں کی نذر

دنیا کے دو مختلف حصوں میں کشتی ڈوبنے کے دو المناک واقعات میں 182 افرادڈوب کرہلاک ہوگئے ۔ ایک واقعہ افریقی ملک نائیجیریا میں  پیش آیا جہاں 300 باراتیوں کو لے کر واپس لوٹنے والی کشتی دریائے نائجر میں لکڑی کے ایک کندے سے ٹکرا کر دو حصوں میں ٹوٹ گئی،

کشتی کے مسافر ایک شادی میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے۔ حکام  کے مطابق کشتی پر 300 سے زائد افراد سوار تھے اور یہ نائجر ندی میں لکڑی کے ایک کندے سے ٹکرانے کے بعد دو حصوں میں ٹوٹ کر ڈوب گئی۔واقعے میں  103 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ تقریباً 100 افراد کو بچالیا گیا ہے۔اموات  کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ادھریونان کے جنوبی ساحل پر ایک اور المناک حادثہاس وقت پیش آیا جب تارکین وطن کو لے جانے والی ماہی گیروں کی ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 79 افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ جبکہ سو سے زائد افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ درجنوں اب بھی لاپتہ ہیں۔  یہ حادثہ یونان کے جنوبی جزیرہ نما پیلوپونیس سے تقریباً 75 کلومیٹر دور بحیرہ روم کے بین الاقوامی پانیوں میں پیش آیا۔  اب تک 104 افراد کو بچایا جا چکا ہے۔یونان کے ساحلی محافظوں نے بتایا ہے کہ سمندر سے اب تک 79 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ابتدائی اندازوں کے مطابق اٹلی جانے کی کوشش کرنے والی متاثرہ کشتی مشرقی لیبیا کے علاقے توبروک سے روانہ ہوئی تھی۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو