کراچی کی عدالت نے پولیس افسر سے جھاڑو لگوا دی
کراچی کی ایک عدالت نے دو پولیس افسران کو ایک انوکھی سزا سنائی ہے
جس میں ایک افسر سے عدالتی احاطے میں جھاڑو لگوایا گیا جبکہ دوسرے کو دو روز قید کی سزا سنا کر ہتھکڑی لگا کر عدالت سے روانہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ضلع غربی کی ایک عدالت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک باوردی پولیس افسر عدالتی احاطے میں جھاڑو لگا رہا ہے جبکہ دوسرے پولیس افسر کے ہاتھ میں ہتھکڑی لگی ہے۔
سرجانی ٹاؤن پولیس کے مطابق یہ واقعہ 24 اور 27 جولائی 2023 کو عدالت میں پیشی کے حوالے سے ہے جب تھانہ سرجانی ٹاؤن کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر طارق محمود جوڈیشل مجسٹریٹ اینڈ سول جج کی عدالت میں پیش ہوئے تھے ۔فاضل مجسٹریٹ نے عدالتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس افسر کو دو روز قید کی سزا سنا دی اس کے علاوہ انہیں ہتھکڑی لگا کر عدالت سے روانہ کیا گیا اور اس سے پہلے چکر لگوائے گئے۔
اسی طرح مذکورہ تھانے کے انچارج تفتیشی افسر سب انسپکٹر سہیل احمد کو گرفتار کر کے سات دن کی سزا سنائی گئی۔مذکورہ پولیس افسر سے عدالت کے احاطے میں جھاڑو لگوائی گئی۔سب انسپیکٹر سہیل سات دن بعد رہا ہوئے۔
ایک اور پولیس افسر نے انکشاف کیا کہ سرجانی ٹاؤن تھانے کے کم از کم آٹھ پولیس افسران تحریری شکایات جمع کرا چکے ہیں کیونکہ اس کے علاوہ دیگر تین افسران کو بھی ہتھکڑی لگا کر پورے سٹی کورٹ میں گھمایا گیا جبکہ اے ایس آئی شبیر احمد تنولی کو بھی تین دن کے لیے جیل بھیجا جا چکا ہے۔