
کبیروالہ میں خسرہ سے 5 بچوں کی اموات،سی ای او ہیلتھ، ڈی ایچ او خانیوال معطل
لاہور تحصیل کبیر والہ، ضلع خانیوال کے نواحی گاؤں میں رواں ماہ میں خسرہ کے باعث 5 بچوں کی اموات پر وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ خانیوال ڈاکٹر عبدالمجید ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (پریوینٹو سروسز) ڈاکٹر فضل الرحمن بلال، ڈی ڈی ایچ او کبیروالہ ڈاکٹر عالم شیر کو فرائض سے غفلت پر معطل کردیا ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ سی ای او ہیلتھ خانیوال، ڈی ایچ او، ڈی ڈی ایچ او کبیروالہ کے خلاف باقاعدہ انکوائری کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔خسرہ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبائی وزرا صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق نے ہنگامی اجلاس ویڈیو لنک پر طلب کرلیا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت علی جان خان اور سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف نے شرکت کی۔ صوبائی وزرا صحت نے خسرہ، دیگروبائی امراض پر تفصیلی بریفنگ کے دوران کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کے کاونٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔ خسرہ سمیت دیگر وبائی امراض کی ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ ہیٹ ویو اور خسرہ کے باعث ہسپتالوں میں آنیوالے بچوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرکے روازنہ رپورٹ پیش کی جائیں۔صوبائی وزرا صحت نے کہا کہ بچوں سمیت دیگر ایمرجنسی کے مریضوں کی دیکھ بھال میں غفلت کے مرتکب ڈاکٹرز، سٹاف کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ مریضوں کے علاج معالجہ پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔