کبھی شاہین کو کپتان بنانے کیلئے سپورٹ اور لابنگ نہیں کی، شاہد آفریدی
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی کی بطور ٹی ٹوئنٹی کپتان تقرری پر اپنا ردعمل دے دیا۔
نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں نے کبھی شاہین کو کپتان بنانے کیلئے سپورٹ اور لابنگ نہیں کی، میں نے بابراعظم کو کپتان برقرار رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے مجھ پر لابنگ کا الزام لگایا جس پر حیرانی اور افسوس ہوا، میں ان چیزوں میں ملوث ہوں نہ مجھے ایسا کرنے کی ضرورت ہے، یہ سب کرنا ہوتا تو کبھی چیئرمین کیخلاف باتیں نہ کرتا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں وائٹ بال میں ہمیشہ محمد رضوان کو کپتان بنانے کے حق میں رہا ہوں کیونکہ وہ لڑکوں کو ساتھ لیکر چلنا جانتا ہے، شاہین کو کپتانی سے دور رکھنا چاہتا تھا۔