کاشف انار عباسی شہید (تمغۂ شجاعت ) کو ہم سے بچھڑے 14 سال بیت گئے

انسانیت کی خدمت کے مشن کو ہمیشہ جاری رکھیں گے۔۔ راحیل انار عباسی

کوہ مری (کوہسار نیوز)   20 دسمبر 2008ء کو گکھڑ پلازہ میں ہونے والی بدترین آتشزدگی کے دوران کاشف انار عباسی نے کثیر منزلہ عمارت میں پھنسے لوگوں کو بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی تھی۔ شہادت کا درجہ حاصل کرنے والے کاشف انار عباسی کو ہم سے بچھڑے 14 سال بیت گئے۔

کاشف انار شہید کا تعلق ضلع مری کے نواحی علاقے تولوٹ، اوچھاہ سے تھا۔ آپ ریسکیو 1122 میں بطور فائر فائٹر اپنی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ آپ کی بہادری، خدمت انسانی اور ایثار کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے آپ کو تمغۂ شجاعت بعد از شہادت کے اعزاز سے نوازا۔

صحافی برادری کی طرف سے شہید کاشف انار عباسی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ آپ کے بھائی راحیل انار عباسی کا کہنا تھا کہ کاشف شہید عباسی نے انسانی جانوں کو بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر کے یہ ثابت کردیا کہ اصل کامیابی انسانیت کی خدمت میں ہے۔ جب انسان خدمت انسانی کو مقصد حیات بنا لے تو اس کے لیے کوئی بھی قربانی دینا مشکل نہیں رہتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کاشف شہید اہل علاقہ کے دلوں میں زندہ ہیں اور ان کے مشن کو ہمیشہ جاری رکھا جائے گا۔

ریسکیو 1122 پاکستان کے آفیشلز اور ضلع مری کے تمام سٹاف کی طرف سے شہید کاشف انار عباسی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو