ڈی آئی خان،دہشتگردوں کی نجی کمپنی کی گاڑی پر فائرنگ، 2 ملازمین اور سپاہی شہید
ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں نے پرائیویٹ کمپنی کی گاڑی پر فائرنگ کر کے 2 ملازمین اور ایک سکیورٹی گارڈ کو شہید کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کا واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درہ زندہ میں پیش آیا جہاں علاقے میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والی پرائیویٹ کمپنی کی گاڑی پر فائرنگ کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گولیاں لگنے کے نتیجے میں دو ملازمین موقع پر ہی دم توڑ گئے، شہید ہونے والوں میں 35 سالہ محمد فیصل اور 29 سالہ آصف کامران شامل ہیں، ملازمین کی سکیورٹی پر مامور سپاہی محمد شاہین شاہ بھی بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن کیا ہے، سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔