
چیمپئنز ٹرافی کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپینز ٹرافی 2025 کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا، پینل میں وسیم اکرم اور رمیز راجہ سمیت دنیائے کرکٹ کے بڑے نام شامل ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز کل سے ہورہا ہے، ٹورنمنٹ پاکستان کے 3 بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے علاوہ دبئی میں 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلا جائے گا۔
افتتاحی میچ میں کل میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائےگا۔
4 بڑے شہروں میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹ کی بھرپور براہ راست کوریج کے ساتھ ساتھ براڈکاسٹرز کے لیے ایک ورلڈ فیڈ سروس دستیاب ہوگی جو اس بات کو یقینی بنائے گی کہ شائقین کرکٹ اس ایونٹ کا ایک لمحہ بھی مس نہ کریں۔
اس کے علاوہ، ہر میچ کی کوریج سے پہلے شائقین کو دنیائے کرکٹ لیجنڈز کی جانب سے اپنی ماہرانہ رائے اور تجزیوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا جس کے لیے آئی سی سی نے کمنٹری کی دنیا میں نام کمانے والے بہترین کمنٹیٹریز کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ کمنٹری پینل میں ناصر حسین ، این اسمتھ ، این بشپ، روی شاستری ایرون فنچ، میتھیو ہیڈن، رمیز راجہ، میل جونز، وسیم اکرم ، سنیل گواسکر ، ہارشا بوگلے، مائیکل ایتھرٹن، پومی بانگوا، سائمن ڈول، ڈیل اسٹین ، بازید خان اور دنیش کارتک شامل ہیں۔
اس موقع پر ویسٹ انڈیز سے سابق کھلاڑی اور معروف کمنٹیٹر این بشپ نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا یہ ایڈیشن اس لیے بھی خاص ہے کہ اس کے ذریعے طویل عرصے بعد پاکستان میں بڑا آئی سی سی ایونٹ ہونے جارہا ہے۔