چوبیس گھنٹے کے اندر پاکستان پر بھارتی حملے کا خدشہ

پاکستان نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں اگلے چوبیس سے چھتیس گھنٹوں کے اندر بھارت کی جانب سے حملے کہ خدشہ ظاہر کر دیا اور خبردار کیا ہے کہ کسی مہم جوئی کی صورت میں بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور نتائج کی زمہ داری بھارت پر ہو گی.
رات گئے واقع وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ہنگامی پریس کانفرنس کےدوران بتایا کہ پاکستان کے پاس مستند انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ اگلے 24-36 گھنٹوں میں
پہلگام واقعہ سے جڑے بے بنیاد اور خود ساختہ الزامات کو بنیاد بنا کر بھارت، پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے. اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ، بھارت کا خطے میں جج، جیوری اور جلاد کا خود ساختہ کردار سختی سے مسترد کرتا ہے.
پاکستان خود دو دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور دُنیا میں کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے ۔پہلگام حملے کے بعد پاکستان نے ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے سچائی کا پتہ لگانے اور اس کے محرکات جاننے کے لئے کھلے دل سے آزادانہ اور غیر جانبدار انہ تحقیقات کی پیشکش کی۔تاہم بدقسمتی سے بھارت نے غیر معقولیت اور تصادم کے راستے پر چلنے کا انتخاب کیا جو کہ خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کا باعث ہو گا ۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات سے فرار بذات خود بھارت کے اصل مقاصد کو بے نقاب کرنے کے لیے بڑا ثبوت ہے۔ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جان بوجھ کر عوامی جذبات کو بھڑکا کر اس طرح فیصلے کرنا بدقسمتی اور افسوسناک ہے.
پاکستان اس بات کا واضح اعادہ کرتا ہے کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا. اُن کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جنگ سے ہونے والے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری صرف اور صرف بھارت پر عائد ہو گی
پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی