پنجاب میں نئے بلدیاتی قانون کی تیاری پر غور
وزیر بلدیات کی زیرصدارت اجلاس، نئی قانون سازی میں سابق تجربات کو مدنظر رکھا جائے گا، ذیشان رفیق کاخطاب
وزیراعلی مریم نواز شریف کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیرصدارت ہوا جس میں پنجاب کے نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی تیاری کے امور پر غور کیا گیا۔ کمیٹی کے ممبر ارکان پنجاب اسمبلی اور متعلقہ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیالکوٹ، اوکاڑہ اور رحیم یار خان کا بلدیاتی درجہ بڑھانے، پانچ لاکھ سے زائد آبادی اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں میٹروپولیٹن کارپوریشن بنانے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔
علاوہ ازیں یونین کونسل کی آبادی کے تعین اور ٹاؤن کمیٹیوں کے قیام پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے کنوینر اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ نئی قانون سازی میں سابق تجربات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف پنجاب میں ایک موثر بلدیاتی نظام چاہتی ہیں۔ اس ضمن میں ایسا نظام وضع کیا جائے گا جو صحیح معنوں میں ڈیلیور کر سکے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ کمیٹی اپنی سفارشات صوبائی کابینہ کو بھجوائے گی۔انہوں نے کہا کہ نئی قانون سازی سے قبل تمام پہلوؤں پر غور کیا اور منتخب نمائندوں کی تجاویز کو مدنظر جا رہا ہے۔