پرویزخٹک نے کے پی میں تحریک انصاف کا نشان مٹادینے کی دھمکی دے دی
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویزخٹک نے کے پی میں تحریک انصاف کا نشان مٹادینے کی دھمکی دے دی ۔ ہفتے کے روز مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پی ڈی ایم کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ان لٹیروں نے پندرہ ماہ میں ملک کو جتنا لوٹا اس کی مثال نہیں ملتی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلٰی محمود خان نے کہاکہ ہمیں ملکی اداروں کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔جلسے کا اہتمام سابق ممبرقومی اسمبلی حاجی صالح محمد خان نے کیاتھا۔
پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ڈی ایم چوروں کا ٹولہ ہے ہم ان کے خلاف ہر ضلع میں الیکشن لڑیں گے۔پی ڈی ایم کے لٹیروں نے جتنا پندرہ ماہ میں ملک کو لوٹا ہے اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ آنے والے دنوں میں ہماری پارٹی ملک کی مضبوط پارٹی ہوگی اورقد آورشخصیات ہماری پارٹی میں شامل ہوں گی۔
پرویز خٹک نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین سال میں کوئی نیا پاکستان نہیں بنا نہ ملک ترقی کرسکا ہم نے تحریک انصاف نہیں چھوڑی بلکہ اپنی نئی سیاسی پارٹی بنائی ہے، صوبے سے تحریک انصاف کا نام ونشان مٹا دیں گے۔سابق وزیر اعلی محمود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے کا حق لے کر رہیں گے۔ہم نے اپنے دور میں بے شمار ترقیاتی کام کئے ہیں بلکہ ہر شعبہ میں کام کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی ہمارے صوبے کی ہے اور فائدہ دوسرے لے رہے ہیں۔ محمود خان نے کہا کہ ہمیں ملکی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہوگا۔جلسہ سے سابق صوبائی وزیر سید احمد حسین شاہ،حاجی صالح محمد خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
Parvez Khattak threatened to erase Tehreek-e-Insaf in KP.پرویزخٹک نے کے پی میں تحریک انصاف کا نشان مٹادینے کی دھمکی دے دی