پرسنیلٹی ڈیولیپمنٹ، Minimalism اور قناعت
پرسنیلٹی ڈیولیپمنٹ کی فیلڈ میں ایک کانسپٹ بہت معروف ہے جسے Minimalism کہا جاتا ہے۔ یہ بہت دلچسپ ہے۔ اس کا معنی و مقصد یہ ہے کہ انسان روز مرہ زندگی میں کم سے کم سامان حیات کے ساتھ جینے کا ہنر حاصل کرے۔
ماہرین کے مطابق ہر کامیاب انسان ذاتی زندگی میں Minimalist approach کے ساتھ ہی کوئی بڑا ہدف یا کارنامہ سرانجام دے سکتا ہے۔
کپڑوں کے دس دس جوڑوں کے بجائے دو سے چار جوڑوں پر اکتفا کرنا، رہائش کے لیے لگژری ولاز کے بجائے سادہ اور عام سی رہائش گاہ میں قیام کرنا۔ سفر و حضر میں عام سی سواری کو ترجیح دینا وغیرہ۔
ماہرین کے نزدیک بامقصد انسان کے لیے لگژری لائف ایک بہت بڑا بوجھ ہے، جس کو Maintain یا برقرار رکھنے میں پیسہ اور وقت برباد کرنا صرف اس قیمت پر ہوتا ہے کہ وہ کسی برتر مقصد سے خود کو دور کر لے۔
مزید یہ کہ انسان اپنی ذات پر سے غیر ضروری بوجھ کو جتنا زیادہ ہٹائے گا وہ اتنا ہی زیادہ مطمئن اور خوش رہے گا۔
پھر فوائد کی ایک طویل فہرست ہے جو Minimalist انسان کو حاصل ہوتی ہے مثلاً
– پروڈکٹویٹی (نفع بخشی)
– فریڈم
– مور اسپییس فار یورسیلف
– بہتر پلاننگ
– آسان زندگی
– کم ذہنی دباؤ
– برتر مقصد کے لیے خود کو وقف کرنا
– وقت کا بہترین استعمال کر پانا وغیرہ وغیرہ
آپ کسی مغربی سپیکر / مصنف کی TED TALK یا کتاب میں یہ تمام باتیں پڑھیں یا سنیں تو بظاہر محسوس ہوگا کہ کوئی بہت ہی جدید کانسپٹ ہے جس کی تعلیم دی جا رہی ہے، اور ذہن فوراً لفظ Minimalist کے فوائد پر قائل ہونا شروع ہو جائے گا۔
حال آنکہ تھوڑا سا بھی غور کریں تو ذہن میں جو اردو لفظ Minimalism کے متبادل کے طور پر سامنے آتا ہے وہ "قناعت” ہے۔
ہم اور آپ جس دین کی تعلیم بچپن سے سنتے سنتے بڑے ہوئے ہیں اس میں قناعت سب سے بنیادی تصور ہے جو ایک مومن کی زندگی کی عملی تصویر ہے۔
آپ کسی مسلمان کو Minimalism پر لمبا چوڑا لیکچر دینے کے بجائے صرف ایک لفظ "قناعت” کہہ دیں تو یہ لفظ اتنا جامع اور مکمّل ہے کہ اس کے بعد مزید کسی تفصیل کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔
اب یہی بات بعض لوگ کسی انگریز سپیکر سے سٹائلش انگلش میں سننے کے لیے شیرٹن ہوٹل چلے جائیں گے اور سیشن کے لیے موٹی سی رقم بھی دے دیں گے اور لیکچر کے بعد باہر آ کر ایک لمبی سانس لے کر ساتھیوں سے کہیں گے۔۔۔۔۔
Guys we must be minimalist to be successful, you know