پرانے سیاستدان ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں،بلاول بھٹو
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پرانے سیاستدان سیاسی مخالفت پر نہیں ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپردیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہمارے کونشنز کا سلسلہ چل رہا تھا، ہم نے کنونشن ایبٹ آباد سے شروع کیا تھا، میں دیر کے عوام، بزرگوں کا شکریہ اور سلام پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دیر کے لوگ قائد عوام اور بینظیر بھٹو شہید کے ساتھ تھے، آج بھی دیر کے لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں جس پر میں شکر گزار ہوں، غربت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، اسلام آباد کے حکمرانوں کو کوئی احساس نہیں۔
“آج کل پاکستان کے عوام کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، بیروزگاری اور غربت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کو کوئی احساس نہیں ہے کہ میرے ملک کی عوام کتنے مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔”
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو… pic.twitter.com/86qSbJW80o
— PPP (@MediaCellPPP) November 21, 2023
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پرانی سیاست سے جان چھڑا کر نئی سیاست لانا ہوگی، بزرگ سیاستدانوں نے ہر چیز کو انا کا مسئلہ بنا رکھا ہے، پنجاب کے سیاستدانوں کی سیاست یہ ہے کہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے، بزرگوں کی نفرت کی سیاست نقصان دہ ہے، تقسیم اور نفرت کی سیاست ختم کرنا ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ معلوم نہیں کہ بزرگ سیاستدانوں کے ارادے کیا ہیں؟ وہ خود کام کرتے ہیں نہ کسی اور کو کام کرنے دیتے ہیں، سیاسی جماعتوں کا ارادہ ہے کہ 18ویں ترمیم تبدیل کریں، وہ الیکشن جیتیں گے نہ انہیں دو تہائی اکثریت ملے گی، عوام نے مہنگائی لیگ کا اصل چہرہ بھی دیکھ لیا، عوام نے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بھی دیکھ لیا ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کے بیان کا خیرمقدم کیا تھا، اسٹیبلشمنٹ نے کہا تھا اب ہم سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے، ہمیں موقع ملا تو پاکستان کی قسمت بدل دیں گے، مزدور کارڈ کو ملک بھر میں متعارف کرائیں گے۔