پتریاٹہ چیئر لفٹ کی کیبل کار بند، سیاح پریشان

پتریاٹہ چیئر لفٹ آئے دن خراب رہنے لگی۔کیبل کار انتظامیہ کی غفلت کے باعث کئی روز سے بند ہے جس سے سیاح پریشان ہیں جبکہ ٹکٹ کے ریٹ بھی بڑھا دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملکہ کوہسارمری کا گرمائی سیزن اپنے عروج پر ہے اور ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد سیروتفریح کیلئے ملکہ کوہسار مری کا رخ کر رہی ہے مگر پتریاٹہ چیئر لفٹ کیبل کار بند ہونے سے سیاحون کی تفریح کا مزا کرکرا ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ ایشیاء کی دوسری اور پاکستان کی سب سے بڑی کیبل کار ہے جو گزشتہ کئی روز سے خراب ہونے کے باعث بند پڑی ہے جس سے سیاحوں ، بالخصوص بچوں کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو اس وقت موسم گرما کی تعطیلات کے باعث بہت بڑی تعداد میں تفریحی مراکز کا رخ کر رہے ہیں۔
موسم گرما ہو یا سرما سال بھر ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کا رش لگا رہتا ہے اور مری آنے والے سیاحوں کی سیر اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک وہ پتریاٹہ چیئرلفٹ کیبل کار کی سیر نہ کرلیں مگر لفٹ انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی کے باعث اب پتریاٹہ چیئرلفٹ کیبل کار کی سیر سیاحوں کیلئے مشکل اور مہنگی بنا دی گئی ہے۔
کچھ عرصہ قبل تک چیئرلفٹ کیبل کار کا ٹکٹ 600 روپے کا تھا جبکہ اب ٹی ڈی سی پی کی جانب سے ٹکٹ بڑھا کر 1800روپے کردیا گیا ہے۔ سیاح پہلے ٹکٹ کی قیمت 1800 روپے سن کر پریشان ہو جاتے ہیں اور پھر جب معلوم ہوتا ہے کہ کیبل کار بند ھے اور صرف چیئر لفٹ کا کرایہ 1000 روپے وصول کیا جا رہا ہے جس پر سیاحوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا جا رہا ھے،
ملکہ کوہسار مری کے تفریحی مقامات میں پتریاٹہ چیئر لفٹ کیبل کار کو خصوصی اہمیت حاصل ہے جو سطح سمندر سے 8500 ہزار فٹ بلندی پر واقع ہے چیئر لفٹ اور کیبل کار مری کے خوبصورت گھنے جنگلات کے اوپر سے گزرتی ہے جس کے نظارے انتہائی دلفریب ہیں لیکن جب سیاح مڈ سٹیشن پر پہنچتے ہیں جہاں سے کیبل کار میں بیٹھنا ہوتا ہے اسے بند دیکھ کر شدید مایوسی کا شکار ہوتے ہیں ۔
دوسری ط4رف چیئر لفٹ کی حدود میں اشیائےخورد و نوش کی قیمتیں بہت ذیادہ ہیں جس پر سیاح انتظامیہ کے رویہ کی بھی شکایات کرتے دکھائی دے رہے ہیں چیئر لفٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیبل کار کی مرمت کیلئے آسٹریا سے ٹیم آئے گی جو کیبل کار کو ٹھیک کرے گی جس کے بعد کیبل کار کو سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔