پاک-چین تعلقات غیر معمولی ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر
راولپنڈی: پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی 97 ویں تقریب میں چینی سفیر نے کہا کہ کوئی بھی طاقت پاکستان اور چین کی دوستی اور دونوں افواج کے درمیان پائے جانے والے بھائی چارے کو ختم نہیں کرسکتی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جی ایچ کیو میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی اور پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تقریب میں چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ڑونگ اور تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے چینی مہمانوں کا استقبال کیا اور پی ایل اے کو مبارک باد دی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیر معمولی ہیں، دونوں ممالک نے اسٹریٹجک ماحول کے اتار چڑھاؤ میں ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں، دونوں فوجیں دوطرفہ فوجی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چینی سفیر نے پی ایل اے کے قیام کی 97 ویں سالگرہ پر تقریب کی میزبانی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی طاقت چین اور پاکستان کی دوستی اور دونوں افواج کے درمیان بھائی چارے کو ختم نہیں کر سکتی۔