پاکستان نے آئر لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی
فلوریڈا: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے آخری گروپ میچ میں آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاڈرہل فلوریڈا میں گروپ اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کا 107 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بابر اعظم 32 اور شاہین آفریدی 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز محمد رضوان اور صائم ایوب نے کیا تاہم دونوں اوپنرز 17، 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان 5 رنز، عثمان خان 2 اور عماد وسیم 4 رنز بناکر چلتے بنے جبکہ شاداب خان کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ عباس آفریدی 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں آئر لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے تھے۔
پاکستانی بولرز کے سامنے آئرلینڈ کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا اور ابتدائی 6 وکٹیں صرف 32 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئیں۔
اینڈی بالبرنی اور ہیری ٹیکٹر صفر، پال اسٹرلنگ 1 اور لورکن ٹکر 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کرٹس کیمپفر 7 اور جارج ڈوکریل 11 رنز بناسکے۔
گیرتھ ڈیلنی 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ مارک اڈائر نے 15 رنز بنائے، بیری مکارتھی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دسویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنیوالے جوش لٹل 22 رنز اور بین وائٹ 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی اور عماد وسیم نے 3، 3، محمد عامر نے 2 اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ گروپ اے سے امریکا اور بھارت میگا ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں، صرف رسمی طور پر پاکستان اور آئرلینڈ اپنا اپنا آخری گروپ میچ کھیل رہے ہیں۔
پاکستان: محمد رضوان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، عثمان خان، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی، عباس آفریدی، حارث رؤف، محمد عامر
آئرلینڈ: اینڈی بالبرنی ، پال اسٹرلنگ (کپتان)، لورکن ٹکر (وکٹ کیپر)، ہیری ٹییکٹر ، کرٹس کیمپفر، جارج ڈوکریل، گیرتھ ڈیلینی، مارک ایڈیر، بیری میک کارتھی، جوش لٹل، بین وائٹ