پاکستان اور چین کی بحری افواج کے مابین مشق، سی گارڈین اختتام پذیر
پاکستان اور چین کی بحری افواج کے مابین دو طرفہ مشق، سی گارڈین 2023ء اختتام پذیر ہو گئی۔
شمالی بحیرہ عرب میں ہونے والی مشق میں پاکستان اور چین کے بحری و ہوائی جہازوں، آبدوزوں اور میرینز فورسز نے حصہ لیا۔
ترجمان بحریہ کے مطابق مشق میں دونوں ممالک کی بحری افواج نے جدید حربی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
سی فیز کی تکمیل پر مشق کی اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں مشق کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، اختتامی تقریب میں دونوں ممالک کی بحری افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس مشق سے بحر ہند میں روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔