top header add
kohsar adart

ٹی 20 ورلڈ کپ، افتتاحی میچ میں امریکا کی جیت

ٹی 20 ورلڈ کپ، افتتاحی میچ میں امریکا کی جیت

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔

ڈیلس میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں امریکی ٹیم نے 195 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 17.4 اوورز میں حاصل کیا۔

امریکا نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، کینیڈا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے تھے۔

کینیڈا کے بیٹر نوَنیت دھالیوال نے 61، نکولس کرٹن 51، آرون جانسن 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شریاس مووا نے 16 گیندوں پر 32 رنز بناکر اسکور آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے امریکی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا، اس کی پہلی وکٹ صفر پر گری تاہم اس کے بعد امریکی ٹیم نے میچ میں اپنی گرفت مضبوط رکھی اور اسے آخر تک قائم رکھا۔

امریکی ٹیم کے اینڈریز گوس نے 65 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ ایرن جونز 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل ٹاس کے موقع پر امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے کہا تھا کہ پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہدف حاصل کریں گے، پہلی اننگ میں وکٹ بولرز کو مدد فراہم کرے گی۔

کینیڈین کپتان سعد ظفر نے کہا تھا کہ وکٹ اچھی ہے، پہلے بیٹنگ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ ورلڈ کپ ہے، دو طرفہ سیریز نہیں، اس لیے دباؤ رہے گا، پُراعتماد ہیں، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

ٹاس کے بعد آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مختصر سی افتتاحی تقریب بھی ہوئی تھی، جس میں گراؤنڈ میں کینیڈا اور امریکا کے پرچم کے ساتھ قومی ترانے بجائے گئے اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

دونوں ممالک کی ٹیموں نے پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لیا۔

قدیم ترین حریف ٹیمیں 180 سال بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں آمنے سامنے ہوئیں۔

امریکا اور کینیڈا کےدرمیان آخری 3 روزہ میچ 1844ء میں ہوا تھا، نیویارک میں کھیلا گیا میچ کینیڈا نے 23 رنز سے جیتا تھا۔

علاوہ ازیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکا کے خلاف کھیلے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More