ورلڈ بینک کا پاکستان کو 20 ارب ڈالر دینے کا وعدہ
فریم ورک کی منظوری کیلئے 24 میں سے 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔ ورلڈ بینک 20 ارب ڈالر کا تقریباً تین چوتھائی حصہ آئی ڈی اے کے ذریعے فراہم کرے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ باقی رقم انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔ توسیعی فریم ورک 6 کلیدی ترقیاتی شعبوں پر توجہ مرکوز کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی طرف سے اضافی فنڈنگ سے سی پی ایف کی تکمیل ہوگی۔
سی پی ایف کا مقصد چائلڈ اسٹنٹنگ، موسمیاتی تبدیلی کی روک تھام ہے۔ صاف پانی کی فراہمی، عوامی وسائل اور نجی سرمایہ کاری کو بڑھانا اور ٹیکس ریونیو کو جی ڈی پی کے 15 فیصد سے زائد کرنا ہے۔
قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں 10 گیگاواٹ کا اضافہ کرنا بھی مقاصد میں شامل ہے جبکہ 12 ملین طلبا کو معیاری تعلیم اور 50 ملین افراد کو صحت کی سہولیات کی فراہمی سی پی ایف میں شامل ہے۔
سی پی ایف میں 60 ملین افراد کو صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولیات کی فراہمی بھی شامل جبکہ 30 ملین افراد کیلئے غذائی تحفظ، 30 ملین خواتین تک مانع حمل کی رسائی بڑھانے کے اہداف بھی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سیلاب سمیت قدرتی آفات اور خطرات سے نمٹنے کیلئے بھی اہداف مقرر کیے گئے ہیں جس سے 75 ملین افراد مستفید ہوں گے۔