وادی نیلم میں جیپ المناک حادثے کا شکار.14 مسافر جاں بحق
مظفرآباد آنے والی مسافر جیپ لیسوا بائی پاس روڈ پر بے قابو ہو کر دریائے نیلم کے کنارے جاگری
آزاد کشمیر کی وادی نیلم دیولیاں میں لیسوا بائی پاس کے مقام پر مسافر جیپ خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں14 مسافر جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں وادی نیلم کے علاقے لوات سے مظفرآباد آنے والی مسافر جیپ لیسوا بائی پاس روڈ پر دیولیاں کے مقام پر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر دریائے نیلم کے کنارے جاگری، حادثے میں 14 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی مسافروں کو ریسکیو کر کے مظفرآباد کمپائنڈ ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق گاڑی میں ڈارئیور سمیت 17 افراد سوار تھے جن میں سے 6 مرد، 4 خواتین اور 3 بچے موقع پر جان بحق ہوگئے جبکہ زخمی افراد کو ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس کے علاوہ حادثے کی زد میں آ کر گھاس کاٹتے ہوئے زخمی ہونے والی خاتون اور 2 بچوں کو بھی بھی اسپتال پہنچا دیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں روانہ ہو گئیں۔حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں محمد اشرف ولد اکبر جلال سکنہ لوات بالا عمر 50 سال، غلام یاسین ولد محمد یونس ساکنہ لوات بالا عمر 60 سال، محمد فرید بٹ ولد عبد الرؤف بٹ سکنہ لوات بالا، ماجد خان ولد سردار خان سکنہ لوات بالا، طارق ولد غلام ربانی سکنہ لوات بالا جیپ ڈرائیور،سلمیٰ دختر عبدالرؤف قوم بٹ سکنہ لوات بالا، ریشم جان بیوہ سرور خان، زردانہ بی بی زوجہ عبداللطیف، تنزیل بٹ ولد فاروق بٹ اور رفیق بٹ ولد فاروق بٹ شامل ہیں۔زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق،صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر،صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یسین،اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر،وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ،وزیر حکومت میاں عبدالوحید، سردار جاوید ایوب،ڈویژنل سینیٹر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی مظفرآباد خورشید حسین کیانی،ظاہر لطیف سلہریہ،سابق امیدوار اسمبلی ویلی 04 سید اسماعیل حسین شاہ و دیگر نے حادثے پرگہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔
Jeep accident in Neelam valley. 14 passengers killed,وادی نیلم میں جیپ المناک حادثے کا شکار.14 مسافر جاں بحق