وادی نیلم میں المناک حادثہ،5 افراد جاں بحق
آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں پیش آنے والے ایک المناک حادثے میں چار سیاحوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
وادی نیلم کے بالائی علاقے کیل سے تاؤبٹ جانے والی مسافر جیپ کریم آباد کے مقام پر حادثے کا شکار ہوکر دریائے نیلم میں جاگری ،جیپ پرسات سیاحوں سمیت اٹھارہ افراد سوار تھے ،چار سیاحوں سمیت پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے ،چھت پرسوار چار افراد نے چھلانگیں لگا کر جان بچائی ،لاپتہ افراد کی تلاش کے لئیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، حادثہ سڑک کی دیوار گرنے کے باعث پیش آیا
مقامی لوگوں اور عینی شاہدین کے مطابق کیل سے تاؤبٹ جانے والی مسافر جیپ کریم آباد کے قریب سڑک کی دیوار سرکنے سے حادثہ کا شکار ہو گئی۔ حادثے کے وقت گاڑی بھری ہوئی تھی۔ چار مسافر چھت پر سوار تھے جنہوں نے چھلانگیں لگا کر جان بچائی جیپ میں سوار تمام مسافر جن میں سیاح بھی شامل تھے گاڑی سمیت دریائے نیلم میں جاگرے جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے جبکہ چار سیاحوں اور ایک بچے کی لاش دریا سے نکال لی گئی ہیں
جاں بحق ہونے والوں میں ملتان کے رہائشی میاں بیوی بھی شامل ہیں لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش کے لئیے مقامی افراد نے عارضی کشتیاں بنا کر آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ پاک فوج اور ریسکیو ٹیمیں بھی تلاش میں مصروف ہیں ،گاڑی میں سفر کرنے والے افراد کا ریکارڈاکٹھا کیا جارہا ہے۔جائے حادثہ پر مقامی افراد کی بڑی تعداد موجود ہے جو لاپتہ افراد کی تلا ش میں مصروف ہے۔